ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اسلاموفوبیا میں مبتلانوجوان: جرمنی میں مسلمانوں کو نیوزی لینڈسانحہ کے طرز پر مارنے کی دھمکی دینے والا نوجوان گرفتار

اسلاموفوبیا میں مبتلانوجوان: جرمنی میں مسلمانوں کو نیوزی لینڈسانحہ کے طرز پر مارنے کی دھمکی دینے والا نوجوان گرفتار

Tue, 09 Jun 2020 19:10:53    S.O. News Service

برلن،۹/جون (آئی این ایس انڈیا) جرمن پولیس نے شمالی شہر ہلڈیس ہائیم سے ایک 21 سالہ نوجوان کو اس دھمکی کے تناظر میں گرفتار کیا ہے، جس میں اس نے مسلمان آبادی کو مبینہ طور پر مارنے کا اشارہ دیا تھا۔ اس نے یہ دھمکی انٹرنیٹ پر چیٹنگ کے دوران دی تھی۔

ہلڈس ہائیم کے دفتر استغاثہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس بابت بتایا گیاہے کہ اس نوجوان شہری نے اس دھمکی میں واضح کیا تھا کہ وہ ویسے ہی مسلمانوں کو ہلاک کرے گا، جیسے گزشتہ برس نیوزی لینڈ میں ایک نوجوان نے اپنے حملوں میں کیا تھا۔

اس شخص کو پولیس نے ہفتہ 6  جون کو مسلم آبادی کو ہلاک کرنے کی دھمکی دینے کے الزام کے تحت گرفتار کیا۔ گرفتاری کے وقت پولیس کو اس نوجوان کے اپارٹمنٹ میں سے حملے کرنے کے لیے کوئی ہتھیار یا آتشیں آلہ دستیاب نہیں ہوا۔ ہلڈس ہائیم کے دفتر استغاثہ کا یہ بھی کہنا ہے اس کے پاس سے ایسا مواد ملا ہے جو دائیں بازو کے نظریات کا حامل ہے۔

پولیس اور دفتر استغاثہ نے اس نوجوان کا نام اور دیگر کوائف ظاہر نہیں کیے ہیں۔ گرفتاری کے بعد اس جرمن نوجوان کو پیر 8 جون کو ایک مقامی عدالت میں ابتدائی کارروائی اور تفتیش کے لیے مزید ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے پیش کیا۔پراسیکیوٹر کا بیان سننے کے بعد عدالت نے اس گرفتار نوجوان کو پولیس کی تحویل میں مزید رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ اس شخص کو پولیس کی تحویل میں رکھنے کی اس لیے بھی ضرورت ہے کیونکہ اس پرامن عامہ درہم برہم کرنے اور جرم سرزد کرنے کی دھمکی کے علاوہ دہشت گردی کی مالی سرپرستی کا شبہ بھی سامنے آیا ہے۔

 

 


Share: